ممبئی، 6؍جون(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا )ملک میں گوشت پر پابندی کو لے کر چل رہی بحث کے درمیان مرکزی وزیر اور بی جے پی کے سینئر لیڈر ایم وینکیا نائیڈو نے آج کہا کہ وہ خود بھی گوشت خور ہیں اور کھانا ہر شخص کی اپنی پسند کا موضوع ہے۔انہوں نے اس سے صاف انکار کیا کہ بی جے پی’’سب کو شاکاہاری بنانا چاہتی ہے‘‘۔ممبئی میں رسمی پریس کانفرنس سے پہلے صحافیوں سے بات چیت میں نائیڈو نے کہاکہ کچھ پاگل لوگ ایسی باتیں کرتے رہتے ہیں کہ بی جے پی سب کو شاکاہاری بنانا چاہتی ہے ،یہ لوگوں کی پسند ہے کہ وہ کیا کھانا چاہتے ہیں اور کیا نہیں۔انہوں نے کہا کہ معاملے پر سیاست ہو رہی ہے۔مرکزی وزیر نے کہا کہ ایک سیاسی پارٹی نے تبصرہ کیا تھا کہ بی جے پی سب کو شاکاہاری بنانا چاہتی ہے اور اس پر مباحثہ بھی ہوا،میں نے اپنے صحافی دوستوں کو بتایا کہ میں حیدرآباد میں ریاستی(بی جے پی)صدرتھا اور گوشت خور بھی ہوں، پھر بھی میں پارٹی صدر بنا۔گزشتہ تین سالوں میں ملک کے مختلف حصوں سے گؤرکشکو ں کی طرف سے پرتشدد واقعات کی خبریں آئی ہیں۔مرکزی حکومت نے حال ہی میں ایک حکم جاری کرکے مویشی مارکیٹ میں ذبح کے لئے جانوروں کے خریداری اورفروخت پر روک لگا دی ہے۔